وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو قطر کے وزیر اعظم و وزیر برائے خارجہ امور عزت مآب محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم بن جابر الثانی کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے قطر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے چھ مقامات پر میزائل حملوں کو بلا اشتعال کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس جارحیت سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں 26 بے گناہ افراد شہید ہوئے اور متعدد مساجد کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی اس کارروائی سے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کرے گا۔ انہوں نے بھارت کے الزامات کے بعد غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جس میں قطر کی شمولیت کا خیرمقدم کیا تھا۔
تاہم، بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، جو اس کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی رویے کو ظاہر کرتا ہے۔قطر کے وزیر اعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیاء میں قیام امن کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قطر خطے میں موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔اس ٹیلیفونک رابطے سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔