ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کی سائیڈ لائن پر بل گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے 2022 اور حالیہ 2025 کے سیلاب کے دوران فراہم کی گئی امدادی کارروائیوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان میں پولیو کے تدارک، قوت مدافعت اور غذائی معیار میں بہتری، اور معاشی شمولیت کے اقدامات میں مدد کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی جامع معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن میں فاؤنڈیشن کے عملی کردار کو سراہا۔بل گیٹس نے بھی پاکستان میں صحت، غذائی معیار، معاشی شمولیت اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات میں تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے معاشی و معاشرتی ترقی میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔