صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے والے جیولین تھروور ارشد ندیم کو زبردست مبارکباد دی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں پاکستان کا نام ایک بار پھر روشن کیا ہے۔ انہوں نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور ان کے مستقبل میں بھی کامیاب رہنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم اور پوری قوم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس شاندار کارکردگی کی بدولت سبز ہلالی پرچم کی شان میں اضافہ ہوا ہے۔
شہباز شریف نے ارشد ندیم کی محنت اور لگن کو نوجوان ایتھلیٹس کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی کامیابیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھے، آمین۔یہ کامیابی نہ صرف ارشد ندیم کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے کھیل کے شعبے کے لیے بھی ایک بڑی حوصلہ افزائی ہے۔ پوری قوم ان کی مزید کامیابیوں کی دعاگو ہے۔