ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے‘ گھروں کی فراہمی کے منصوبوں میں کرپشن کی کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے
حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال ہوا ہیـ‘ مہمانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، ہسپتال اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی
اسلام آباد(آ ن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے کم لاگت گھروں کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اوران منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے نجی شعبے سے اشتراک کی بھی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ سرکاری ملازمین اور عوام کیلئے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ تعمیراتی کمپنیاں منتخب کی جائیں‘کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر کیا جائے اورتعمیراتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزارت ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ نے وزیرِ اعظم کو وزارت کے مختلف اداروں میں جاری اصلاحات پر پیش رفت اور پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ کے منصوبوں کی تعمیر کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ‘انہوں نے کہا ملازمین کو موجودہ سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کے نظام کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے۔پاکستان کے ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔شہریوں کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے منصوبوں میں کرپشن کی کمی کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا عالمی منظر نامے پر تشخص بحال ہوا ہیـ‘ملک میں بین الاقوامی کرکٹ، دیگر کھیل اور عالمی کانفرنسز کا انعقاد ہو رہا ہے۔بیرون ملک سے آئے مہمانوں کیلئے ملک میں بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز، اسپتال اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔وزیرِ اعظم نے وزارت ہاؤسنگ سے بین الاقوامی معیار کی سہولیات کیلئے جامع پلان طلب کر لیا۔وزیرِ اعظم نے قومی ہاؤسنگ پالیسی کی مارچ تک تشکیل مکمل کرکے منظور کروانے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ وزارت کے تحت جاری عوامی رہائشی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ورکنگ کلاس کو جلد کم لاگت رہائش میسر ہو۔ وزیرِ اعظم نے وزارت ہاوسنگ و دیگر وزارتوں میں غیر فعال اداروں کی تحلیل و دیگر اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمیٹی نہ صرف وزارت ہاوسنگ بلکہ دیگر وزارتوں کو بھی اصلاحات میں ضروری معاونت فراہم کرے۔