ٹیکس نیٹ مزید وسیع ‘ درآمدات اور برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو تیز کیا جائے شہبازشریف
ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 11 فیصد کے ہدف کے حصول کیلئے کوششیں تیز کی جائیں‘غیر قانونی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف موثر کارروائی پر ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس محصولات کے اہداف کے حصول کے لئے ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور بارے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس محصولات کے اہداف کے حصول، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے ہدایت دی کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کے 11 فیصد کے ہدف کے حصول کیلئے کوششیں تیز کی جائیں اور ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کیا جائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کسٹمز کلیئرنس میں جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی کے استعمال سے کلیئرنس کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی کو سراہا اور ہدایت دی درآمدات اور برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔اجلاس میں وزیراعظم نے غیر قانونی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف موثر کارروائی پر ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پذیرائی کی اور صوبائی حکومتوں کو ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کی ہدایت دی، انہوں نے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔وزیراعظم کو ملک بھر میں تمباکو کے شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ایف بی آر اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے تعینات کئے گئے فوکل پرسنز اور موثر کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس کے نتیجے میں غیرقانونی سگریٹس کی بڑی تعداد ضبط کی گئی