صوبائی حکومت فنونِ لطیفہ، فلم اور میڈیا کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے،شرجیل میمن
کراچی (آئی این پی )محکمہ اطلاعات سندھ نے چار فلمی منصوبے مکمل کرلئے جنہیں حتمی شکل دے کر جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں تین دستاویزی فلمیں اور ایک فیچر فلم شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کے کنٹینٹ اینڈ پروڈکشن بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ کے اراکین قاضی اسد عابد، اداکارہ ژالے سرحدی، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت مکمل ہونے والے فلمی منصوبے سندھ کی ثقافت، تاریخ اور سماجی اقدار کو اجاگر کرتے ہیں۔ اجلاس میں ان فلموں کے مواد، فنی معیار، اور سماجی و ثقافتی اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ نے نئی دستاویزی اور فیچر فلموں کے آئندہ مراحل، ان کی مارکیٹنگ، نمائش، اور عوامی رسائی سے متعلق امور پر بھی غور کیا