نویں بین الاقوامی امن مشقیں 7 فروری سے منعقد کی جائیں گی،پاکستان نیوی میزبانی کریگی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بحریہ نویں امن مشقوں2025 کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔نویں بین الاقوامی امن مشقیں 7 سے 11 فروری تک منعقد کی جائیں گی، رواں برس پاکستان نیوی امن ڈائیلاگ کی میزبانی بھی کرے گی، رواں برس امن 2025 مشقوں کی سب سے خاص بات نیول چیف اور کوسٹ گارڈز کے سربراہوں کا امن ڈائیلاگ ہوگا۔امن 2025 مشقوں کے ساتھ پہلی مرتبہ امن ڈائیلاگ کا افتتاحی سیشن بھی منعقد کیا جائے گا، امن ڈائیلاگ میں دنیا بھر کی سینئر بحری قیادت علاقائی سلامتی اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کرے گی، امن ڈائیلاگ میں شریک ممالک کے نیول چیفس، کوسٹ گارڈز اور ڈیفنس فورسز کے سربراہان شرکت کریں گے۔مشقوں میں دنیا بھر سے 60 ممالک اپنے بحری جہازوں، ہوائی جہازوں اور سپیشل سروسز گروپس کے ساتھ شرکت کریں گے۔