پیرافورس کے فزیکل ٹیسٹ میں ہیرا پھیری ، 3امیدوار گرفتار

رننگ ٹیسٹ کے دوران تین امیدواروں کو اختتامی پوائنٹ کے قریب گاڑی سے اتار کر دوڑ میں شامل کیا گیا
واقعے میں ملوث اہلکار کے خلاف بھی انکوائری کا آغاز ،معاملہ ڈی جی پیرا کے نوٹس میں لا یا گیا ہے ‘اسسٹنٹ کمشنر صدر
لاہور( کرائم رپورٹر)پیرافورس کے فزیکل ٹیسٹ کے دوران مبینہ بے ضابطگی سامنے آئی ہے جہاں من پسند امیدواروں کو مبینہ طور پر دوڑ کے دوران بیچ راستے شامل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق رننگ ٹیسٹ کے دوران تین امیدواروں کو اختتامی پوائنٹ کے قریب پیرافورس کی گاڑی سے اتار کر دوڑ میں شامل کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ایک اہلکار نے اپنی نگرانی میں تینوں امیدواروں کو رننگ ٹیسٹ میں شامل کیا۔ معاملے کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر صدر قیصر عباس نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں امیدواروں کو گرفتار کر لیا۔اے سی صدر کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ واقعے میں ملوث اہلکار کے خلاف بھی انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ ڈی جی پیرا کے نوٹس میں لا یا گیا ہے اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔