عمران خان کیساتھ رویئے سے نفرتیں بڑھیں گی ‘کوئی سنبھالنے والا نہیں ہوگا: سہیل آفریدی

ہمارے وزرا ء کے گریبانوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے، ان کے گریبان پھاڑے گئے ہیں، یہ رویہ درست نہیں ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے  پاکستان تحریک انصاف  کے بانی عمران خان کے ساتھ رویہ خطرناک بات ہے، اس سے نفرتیں اتنی بڑھ جائیں گی کہ کوئی سنبھالنے والا نہیں ہوگا۔انہوںنے اسلام آباد میں کے پی ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں روکا جا رہا ہے آگے نہیں دیا جارہا، وہ لوگ کوئی وجہ نہیں بتاتے بس اوپر سے انہیں ایک حکم آ جاتا ہے‘ ہمارے وزرا کے گریبانوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے، ان کے گریبان پھاڑے گئے ہیں، میرے مطابق یہ رویہ درست نہیں ہے، ہمارے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ میرے ساتھ کسی حکومتی عہدیدار کی جانب سے رابطہ نہیں کیا گیا، کورٹ کے آرڈرز ہیں کہ عمران خان کے ذاتی معالج کو ملنے دیا جائے اور ان کا ٹھیک علاج ہو، پوری دنیا کو پتا چل گیا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جیل میں کیا رویہ رکھا گیا ہے۔