1375 ارب روپے سے زائد کا این ایف سی ایوارڈ جاری نہیں کیا جا رہا، جو آئین کی خلاف ورزی ہے
پاکستان کو کسی بھی بیرونی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے‘حکمرانوں اپنی شاہ خرچیاں ختم کریں:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ایوانِ صدر میں قومی اور عالمی بحران کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی موقف واضح کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر صرف پاکستان کی خاطر اس اجلاس میں شرکت کی ہے، تاہم ہم نے واضح کر دیا ہے کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے والے کسی بھی فیصلے کا حصہ نہیں بنیں گے۔سہیل آفریدی نے وفاق پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 1375 ارب روپے سے زائد کا این ایف سی ایوارڈ جاری نہیں کیا جا رہا، جو کہ صریحاً آئینِ پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئین کی اس پامالی پر مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ سابقہ فاٹا کے عوام کا حق دوسرے صوبے کھا رہے ہیں، جو کہ سراسر ناانصافی ہے اور اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پاکستان کو کسی بھی بیرونی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔