سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے ملنے اڈیالہ روڈ پہنچے ، پولیس کی بھاری نفری نے فیکٹری ناکے پر روک لیا ‘کارکنوں کیساتھ سڑک پر دھرنا دے دیا
ایک صوبے کے سی ایم کو روکنا اچھی بات نہیں،کیوں بار بار عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے، ایک صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے:وزیراعلیٰ
راولپنڈی(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے اڈیالہ روڈ پہنچے جہاں پولیس کی بھاری نفری نے انہیں فیکٹری ناکے پر روک لیا، وزیراعلی نے پولیس سے کہا کہ یہ نفرتیں اور تلخیاں پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں، آٹھویں بار شرافت سے آرہا ہوں۔وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے فیکٹری ناکے پر پولیس افسران سے پوچھا کہ گزشتہ بار بھی مجھے روکا گیا اس دفعہ بھی روکا جا رہا ہے، میں نے کہا تھا مجھے روکیں تو تحریری طور پر بتائیں کہ عدالتی احکامات کیوں نہیں مان رہے؟ مجھے روکے جانے پر آپ نے پہلی کوئی تحریری وجہ نہیں بتائی آج تو بتائیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر زبردستی حالات کو خراب کیا جا رہا ہے، کیوں بار بار عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے، ایک صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اڑھائی کروڑ عوام کا نمائندہ اگر یہاں آئے اور اسے روک دیا جائے یہ اچھی بات نہیں ہے، کل دوسرے صوبے میں کسی اور کے ساتھ ہو گا تو وہ آپ کو اچھا لگے گا؟۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ تو آپ لوگ نفرتیں اور تلخیاں بڑھا رہے ہیں، یہ نفرتیں اور تلخیاں پاکستان کے لئے نقصان دہ ہو سکتی ہیں، آٹھویں مرتبہ شرافت سے آرہا ہوں، آپ سے بات کرتا اور آرام سے بیٹھ جاتا ہوں، آپ لوگوں کو احتیاط کرنی چاہیئے، بار بار پشاور سے اڈیالہ آنا اور جانا کوئی آسان بات نہیں ہے