آئی پی پی پنجاب تنظیمی اجلاس ، مرکزی کنونشن کے انعقاد پر غور

آئی پی پی کو پنجاب کے تمام اضلاع میں متحرک بنانے کیلئے بھی تجاویز زیر بحث 
لاہور(کرائم رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے تنظیمی اجلاس میں آئی پی پی لاہور کی جانب سے پارٹی کا مرکزی کنونشن منعقد کرانے کی تجویز دے دی گئی۔ صوبائی صدر آئی پی پی رانا نذیر احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مرکزی کنونشن کے انعقاد کے حوالے سے امکانات و ممکنات پر تفصیلی گفتگو کے ساتھ ساتھ ایجنڈے میں شامل دیگر متعدد سیاسی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری شعیب صدیقی، صدر شمالی پنجاب گل اصغر بگھور، صدر مغربی پنجاب چودھری ظہیر الدین، نائب صدر پنجاب میاں جنید ذوالفقار، جنرل سیکرٹری مغربی پنجاب فرخ مانیکا، صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں آئی پی پی کو پنجاب کے تمام اضلاع میں متحرک اور فعال بنانے کے لئے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں جبکہ جنوبی و شمالی اور مغربی پنجاب میں استحکام پاکستان پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف آرا بھی اجلاس کا حصہ رہیں۔ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے بعد پارٹی کی مرکزی قیادت کو پیش کرنے کا امکان ہے۔