وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس،اسلام آباد میں نئے پولیس تھانوں پر پیشرفت کابھی جائزہ لیا گیا
اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا جامع پلان طلب کرلیا،، 6 تھانوں کا تعمیراتی کام 45 دن میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیدیا گیا
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں جناح کنونشن کے ساتھ دوسرا بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا جامع پلان طلب کرلیا گیا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں اسلام آبادمیں جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری،سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا،چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ممبران سی ڈی اے اور اعلی افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم شہبازشریف کی ہدایت پر ایس سی او کانفرنس اور2027 سے قبل نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر پر مشاورت کی گئی،اجلاس میں جناح کنونشن کے ساتھ دوسرا بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ نیا منصوبہ متعدد بڑے کانفرنس و میٹنگ رومز سمیت وسیع کنونشن ہال پر مشتمل ہونا چاہیے،اسے بین الاقوامی معیار اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے،منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بڑی بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں آسانی ہو گی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے ڈیزائن کیلئے بین الاقوامی و مقامی بہترین آرکیٹکٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا جامع پلان بھی طلب کرلیا۔