اسلام آباد:جناح کنونشن سینٹر کیساتھ دوسرا بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنیکا فیصلہ

6 تھا نوں کی تعمیر 45 دن میں مکمل کرنیکی ہدایت،ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا پلان طلب 
نئے ہال کی تکمیل سے بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں آسانی ہو گی،وزیرداخلہ محسن نقوی
 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہواجس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے بھی شرکت کی۔ 3 گھنٹیکے طویل اجلاس میں جناح کنونشن سینٹر کے ساتھ دوسرا بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ، وزیر داخلہ نے کہا کہ نئے کنونشن ہال کو بین الاقوامی معیار اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے۔وزیر داخلہ نے 6 تھانوں کے تعمیراتی کام کو 45 دن میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا جامع پلان بھی طلب کیا۔اجلاس میں اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کی ہدایت پر ایس سی او کانفرنس 2027 سے قبل نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر پر مشاورت کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا نیا منصوبہ متعدد بڑے کانفرنس و میٹنگ رومز سمیت وسیع کنونشن ہال پر مشتمل ہونا چاہیے ، منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بڑی بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں آسانی ہو گی۔انہوں نے منصوبے کے ڈیزائن کیلئے بین الاقوامی و مقامی بہترین آرکیٹکٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ ٓچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نیبتا یا مزید 10 تھانوں کی عمارت کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا، ٹی چوک فلائی اوورمنصوبے کی تمام پائلز کو مکمل کر لیا گیا ہے، شاہین چوک کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔