سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سالانہ صنعتی میلہ‘پری لانچنگ کی شاندار تقریب

پری لانچنگ تقریب سندر اسٹیٹ کرکٹ گراؤنڈ میں  ہوئی‘ صدر سندر اسٹیٹ، صدر سندر ٹریڈ یونین اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد کی شرکت 
سالانہ صنعتی میلے  کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو مدعو کیا گیا ہے‘میلے کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینا ہے:سید معاذ محمود

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کے ماڈل صنعتی علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سالانہ صنعتی میلے کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کے تحت پری لانچنگ تقریب کا شاندار اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں صدر سندر اسٹیٹ، صدر سندر ٹریڈ یونین اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پری لانچنگ تقریب سندر اسٹیٹ کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جہاں صنعتکاروں نے میلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور اس کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سندر ایکسپو کمیٹی کے چیئرمین سید معاذ محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  سالانہ صنعتی میلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو مدعو کیا گیا ہے، اور ان کی افتتاحی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندر اسٹیٹ کے صنعتکار وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد کے منتظر ہیں، جو کہ اس میلے کی اہمیت کو مزید بڑھا دے گی۔ علاوہ ازیں، اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمان خصوصی ہوں گے، جو میلے میں شریک صنعتکاروں اور کاروباری حضرات کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ترجمان سندر اسٹیٹ کے مطابق، سندر صنعتی میلے کا بنیادی مقصد پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینا، صنعتوں کو مستحکم کرنا اور ملکی معیشت میں بہتری لانا ہے۔ اس میلے کے ذریعے کاروباری برادری کو جدید صنعتی رجحانات اور مواقع سے روشناس کرایا جائے گا، تاکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو سکے۔یہ میلہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں، تجارتی ماہرین، اور صنعتکاروں کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرے گا، جہاں وہ مختلف مصنوعات اور خدمات کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں گے۔ اس سے نہ صرف مقامی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔