پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا تعاون، "ارطغرل غازی" کی مشترکہ نشریات پر اتفاق

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا تعاون،

پی ٹی وی اور ترکیہ کے سرکاری ٹی وی "ٹی آر ٹی" کے درمیان مشترکہ نشریات اور ترک ڈرامے پاکستان میں دکھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

 یہ فیصلہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ترکیہ کے صدارتی ہیڈ آف کمیونیکیشنز پروفیسر فحرتین التون کی ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر بات چیت ہوئی، اور عوامی سفارتکاری کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا اور مِس انفارمیشن کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ میڈیا وفود کے تبادلے، مشترکہ پروڈکشنز کی تیاری اور دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر پی ٹی وی اور "ٹی آر ٹی" کے درمیان مشترکہ نشریات اور ترک ڈرامے "ارطغرل غازی" کو پاکستان میں نشر کرنے پر اتفاق ہوا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافتوں کے تبادلے سے نوجوان نسل کو پاکستان اور ترکیہ کے مابین تاریخی تعلقات سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے پروفیسر فحرتین التون کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کو اسلاموفوبیا اور مِس انفارمیشن کے خلاف جنگ میں مددگار قرار دیا۔ پروفیسر فحرتین التون نے کہا کہ ترکیہ میں پاکستانی فنکاروں اور موسیقاروں کی بہت پذیرائی کی جاتی ہے، اور "ارطغرل غازی" نے پاکستان میں زبردست مقبولیت حاصل کی ہے۔اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تفریح اور سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون پر بات چیت ہوئی، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک اس شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے ترک میڈیا کے کشمیر پر کوریج پر شکریہ بھی ادا کیا۔