پاکستان اور ترکیہ کا فلسطین پر مشترکہ مؤقف برقرار رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور ترکیہ کا فلسطین پر مشترکہ مؤقف برقرار رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور ترکیہ نے مسئلہ فلسطین پر مشترکہ مؤقف برقرار رکھنے اور علاقائی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شب ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر اپنے مشترکہ مؤقف کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور ان بستیوں سے منسلک خدمات محدود کرنے سے متعلق برطانیہ کے فیصلے کی حمایت میں 8 عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کی بھی حمایت کا اظہار کیا۔اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے برطانیہ سمیت دیگر یورپی ممالک کی جانب سے دو ریاستی حل سے متعلق مشترکہ اعلامیے کی بھی توثیق کی اور علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت برقرار رکھنے پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ’ریجنل فور‘ (R4) فریم ورک کے ذریعے تعاون سمیت خطے کی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔گفتگو کے اختتام پر اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔