ایل ڈی اے کی ٹیمیں سرگرم ،غیر قانونی کمرشل استعمال پر کارروائیاں ، مختلف علاقوں میں 87املاک سربمہر
لاہور (کرائم رپورٹر)ایل ڈی اے ٹیموں نے ہدایت اللہ بلاک میں عرصہ دراز سے قائم جھگیاں و تجاوزات ختم کر دیں۔ایل ڈی اے ٹیموں نے سوک سنٹر مصطفی ٹا ئون کے اطراف سے بھی تجاوزات ختم کر دیں۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کل مصطفی ٹا ئون کا دورہ کیا اور آپریشن کی ہدایت کی تھی۔ڈائریکٹر ہا ئوسنگ تھری سمیرا علی جان اور ڈائریکٹر انفورسمنٹ کاشف اعوان نے آپریشن کی نگرانی کی۔ آپریشن میں ایل ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ اور پولیس نے حصہ لیا۔دریں اثنا ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر ایل ڈی اے ٹیموں کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں،87 املاک سربمہر۔ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ،نیو گارڈن ٹا ئون،فیصل ٹا ئون،سبزہ زار، شادمان اور گجرپورہ میں کارروائیاں کیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گجرپورہ میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر ایک درجن سے زائد شادی ہال ومارکی سیل کر دیں۔ گلبرگ، نیوگارڈن ٹا ئون، فیصل ٹا ئون میں 25املاک سربمہر کر دیں۔ سبزہ زار میں 42، شادمان اور گجرپورہ میں مجموعی طور پر 20املاک سیل کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں شادی ہال،مارکی،نجی سکول، دفاتر،ریستوران،سیلون، سٹور، بیکری، دکانیں ودیگر شامل ہیں۔ آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔