ہر شہر میں سرکاری اراضی پر اربن فاریسٹ بنائے جائیں‘ صوبہ بھر میں ’’نو ٹوپلاسٹک ‘‘مہم کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے،میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہوگی
پالتوکتوںکوکالر پہنانا لازمی قرار،خلاف ورزی پر جرمانہ اور کارروائی ہو گی، سڑکو ںپر بائیک لین مقرر کی جائیں‘ ،ہیلمٹ،بیک لائٹ او رانڈیکیٹرز وغیرہ کی پابندی کو یقینی بنایا جائے
سنگل لائن ریڑھی بازار کی پابندی یقینی بنائی جائے‘ خیمہ بستیاں متبادل مقامات پر منتقل کی جائیں ‘ قبضہ مافیا کو پنجاب میں کھلا پھرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی:اجلاس میں ہدایات
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دے دیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کے لئے کرپشن کے خلاف کریک ڈائون اوربہتر سسٹم ڈیزائن کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر شہر میں سرکاری اراضی پر اربن فاریسٹ بنانے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں ’’نو ٹوپلاسٹک ‘‘مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنانے کاحکم دیا۔ صوبہ بھر میں پالتوکتوںکوکالر پہنانا لازمی قراردیا گیا ،خلاف ورزی پر جرمانہ اور کارروائی کی جائے گی۔ پالتو کتوں کی ویکسینیشن اور رجسٹریشن کا نظام نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سڑکو ںپر بائیک لین مقرر کرنے،چینی ماڈل کے تحت جنگلہ اور چھوٹی دیوار سے الگ کرنے اوربائیک سوار کے لئے ہیلمٹ،بیک لائٹ او رانڈیکیٹرز وغیرہ کی پابندی ضروری بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سکولو ںکے سامنے بچوں کے لئے زبیرا کراسنگ بنانے اور سکول وین کے فنٹس سرٹیفکیٹ پر زیرو ٹالرنس کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سڑکوں پر گندا پانی کھڑا ہونے سے نمازیوں اور شہریوں کو دشواری کی شکایت پر برہمی کا اظہار کیا اور شہروں میں جگہ جگہ نظر آنے والی خیمہ بستیاں متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سنگل لائن ریڑھی بازار کی پابندی یقینی بنانے کا حکم اور ہدایت کی کہ منظور شدہ ڈیزائن او رجگہ کے علاوہ کسی مقام پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بس سٹینڈ ز کی صفائی ،پنکھے ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بہترین نشست گاہ یقینی بنانے اورہر شہر کے بس سٹاپ اور لاری اڈوں کو ماڈل بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں کے ایم ایس کی پرفارمنس کی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سرگودھا میں جامع صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور صوبہ بھر میں کنٹرول ریٹ پرکھاد کی فراہمی یقینی بنانے پرانتظامیہ کو شاباش دی۔ میانوالی میں چوراہوں پر یاد گاریں ،واٹر فال ، خوبصورت ماڈل بنانے اور پارکس کی بیوٹی فکیشن پر بھی انتظامیہ کوشاباش ملی ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر شہر میں گورننس کی ایکسی لینس نظر آنی چاہیے۔ کسی شہر میں ٹوٹی ہوئی سڑکیں نظر نہ آئیں،پیچ ورک سے گڑھے پُر کئے جائیں۔سڑکوںپر سائن بورڈ واضح نظر آنے چاہئیں اور نئے سائن بورڈ بھی لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کو پنجاب میں کھلا پھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی سی اپنی چھت …اپنا گھر پروگرام کے تحت بننے والے مکانوںکی مانیٹرنگ بھی کریں۔ ہرشہر میں واٹرفلٹریشن پلانٹس فنکشنل ہونے چاہئیں۔