لاہور میں 7875 غیر قانونی بینرز ہٹائے گئے ، بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی : ضلعی انتظامیہ
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے تحت لاہور کو تجاوزات سے پاک کرنے کی مہم میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی زیر قیادت اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ریگولیشن ونگ نے مشترکہ کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 707 تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا جبکہ 7875 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز ہٹا دیے گئے۔ یہ کارروائیاں میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔ انسداد تجاوزات آپریشنز سے شہر کی سڑکیں، عوامی مقامات اور گزرگاہیں واگزار کروائی جا رہی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور پبلک اسپیس کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔ لاہور کے تاریخی مقامات کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کا نفاذ یکساں و شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی یہ کوششیں لاہور کو صاف، منظم اور شہریوں کے لیے سہولت بخش بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔