امریکی سیاست دان زیادہ عقلی و عام فہم رویہ اختیار کریں:چین

 لہسن کبھی خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا کہ یہ امریکا کے لیے بہت بڑا خطرہ بن سکتا ہے،ترجمان وزارت خارجہ
    بیجنگ(یواین پی) چینی وزارت خارجہ کی  یومیہ پریس کانفرنس میں ایک سوال پوچھا گیا کہ امریکی کانگریس کے وفاقی سینیٹر نے  اپنے ایک بیان میں کہا کہ چینی لہسن امریکی فوڈ سیفٹی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے، جس کے لیے سیکشن 301 انویسٹی گیشن شروع کرنے کی ضرورت ہے۔جمعہ کے روز اس حوالے سے ترجمان مائو ننگ نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ لہسن کبھی خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا کہ یہ امریکا کے لیے بہت بڑا خطرہ  بن سکتا ہے۔ ڈرونز سے لے کر کرینوں تک، ریفریجریٹرز سے لے کر لہسن تک، بہت سی چینی مصنوعات کو امریکا نے قومی سلامتی کے خطرات کے طور پر لیبل کیا ہے۔ دنیا واضح طور پر دیکھ سکتی ہے کہ یہ امریکا کے لئے تحفظ پسندی، چین کی ترقی کو روکنے اور دبانے کے لئے ریاستی طاقت کا غلط استعمال کرنے اور زبردستی ڈی کپلنگ، صنعتی و سپلائی چین کو الگ کرنے اور توڑنے کا ایک بہانہ ہے۔