’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ پاکستانی مصنوعات کا مثالی متبادل ثابت ہو رہا ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ پاکستانی مصنوعات کا مثالی متبادل ثابت ہو رہا ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ایکسپو سنٹر لاہور میں ‘‘میرا پاکستان برانڈ’’ نمائش کا افتتاح کیا اور یومِ آزادی کے موقع پر قومی پرچم بھی لہرایا۔

اس موقع پر تقریب میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس فہیم الرحمن سہگل سمیت مختلف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گزشتہ سال یومِ آزادی پر ‘‘میرا برانڈ پاکستان’’ کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی مصنوعات کے بہترین متبادل فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا مقصد فلسطینی بھائیوں کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ‘‘میرا برانڈ پاکستان’’ غیر ملکی مصنوعات کا بہترین متبادل ہے اور پاکستانی مصنوعات پوری دنیا میں اپنی جگہ بنا سکتی ہیں۔ تاہم، اس کے لیے حکومت کو صنعتکاروں کو سہولیات فراہم کرنی ہوں گی، برآمدات کو بڑھانا ہوگا اور حکومتی پالیسیوں میں اصلاحات لانی ہوں گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ رکاوٹیں دور کرکے پاکستانی مصنوعات کا عالمی سطح پر فروغ ممکن ہے اور اس کا مقصد دنیا بھر میں پاکستانی برآمدات کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں بھی ‘‘میرا برانڈ پاکستان’’ کی نمائش منعقد کی جائے گی اور بعد میں بنگلہ دیش میں بھی اس کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے نوجوانوں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘جنریشن زی’’ صرف وہ نوجوان نہیں ہیں جو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں بلکہ وہ بھی شامل ہیں جو یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مؤثر اور بہترین متبادل فراہم کرنے پر زور دیا۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر عزم کرنا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے، اور مل کر ملکی استحکام کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور چیمبر بیرون ملک اور اندرون ملک پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کرے گا، برآمدات میں اضافہ کرے گا اور ملکی معیشت کو مضبوط بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرے، برآمدات کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں تک لے جائے اور انسانی وسائل کو ٹیکنیکل تعلیم سے آراستہ کرے تاکہ معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو۔