میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کے لیے پانی لانے والی نئی نہر کی پرانی ویڈیوز پر مسلسل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 22 سال بعد پیپلز پارٹی کی کوششوں سے شہر کو اضافی پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ 12.8 ارب روپے کی لاگت سے دس ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر یہ پروپیگنڈا درست ہوتا تو 13 اگست کو اس منصوبے کا افتتاح نہ کیا جاتا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر کام مکمل ہے اور اسے شروع کرنے سے قبل جانچ کے لیے آزمائش کی جاتی ہے تاکہ تکنیکی خرابیوں کی نشاندہی اور درستگی کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ کنکریٹ کے کام میں بعض مسائل سامنے آتے ہیں، مگر آزمائش کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ مسائل کی نشاندہی اور حل کیا جا سکے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ایک سال کا وارنٹی پیریڈ مقرر کیا گیا ہے، جس کے دوران کسی بھی خرابی کی صورت میں کنٹریکٹر مرمت کا پابند ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب نے الزام عائد کیا کہ بے بنیاد پروپیگنڈہ شہر کو اضافی پانی کی فراہمی کے خبر کو دبانے کے لیے کیا جا رہا ہے، اور یہ منصوبہ سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حب ڈیم سے روزانہ دس کروڑ گیلن پانی شہر کو فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے دوران تمام معیارات کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور پروپیگنڈہ کرنے والے اصل حقائق کو چھپانا چاہتے ہیں۔