روسی صدر کا یومِ آزادی پر پاکستانی قیادت اور قوم کے لیے مبارکباد کا پیغام

روسی صدر کا یومِ آزادی پر پاکستانی قیادت اور قوم کے لیے مبارکباد کا پیغام

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یومِ آزادیٔ پاکستان کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

 پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کے یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مربوط انداز میں ترقی کر رہے ہیں۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ دونوں ممالک سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی ہمدردی اور دیگر شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، اور عالمی اور علاقائی امور پر بھی باہمی تعاون استوار ہے۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری خطے میں استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے، اور دونوں ممالک اپنے عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پیوٹن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس اپنے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے، جو کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی رابطوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔