ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی پاکستانی قوم کو یومِ آزادی پر دلی مبارکباد

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی پاکستانی قوم کو یومِ آزادی پر دلی مبارکباد

ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

 انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کو یومِ آزادی کی خوشیاں مبارک ہوں۔رضا امیری مقدم نے پاکستان کی غیر معمولی استقامت، قومی اتحاد اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ دوستانہ، باہمی احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں امید اور رجائیت کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور قیادت کے عزم کے باعث پاک ایران تعلقات ایک تاریخی موڑ پر پہنچ چکے ہیں۔

ایرانی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت، معیشت، توانائی، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کے لیے تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جائے گا۔رضا امیری مقدم نے پاکستان کے امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اقوام کی دیرینہ دوستی مزید مستحکم اور تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔