مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا گیا ہے۔
اس پیغام میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناح، بانیانِ پاکستان اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے، اور یہ اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے متاثر کرتے رہتے ہیں۔پیغام میں شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے غازیوں، سابق فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع جاری رہے گا، اور ہر قسم کے خطرات کے خلاف ملک کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئین کی پاسداری اور عوام کے مقدس فریضے کی انجام دہی کے لیے قوم کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ مسلح افواج نے اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کے فروغ کا پیغام دیا ہے تاکہ پاکستان کو محفوظ، مستحکم اور خوشحال بنایا جا سکے۔آخری میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے تیار رہیں گی۔
پاکستان زندہ باد!
پاکستان ہمیشہ پائندہ باد!