مری میں جشنِ آزادی کے موقع پر سیاحوں کا سیلاب، ویڈیو وائرل

مری میں جشنِ آزادی کے موقع پر سیاحوں کا سیلاب، ویڈیو وائرل

جشنِ آزادی کے موقع پر مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے جشن منایا، مال روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھی گئی، اور سڑکیں و بازار رنگ برنگی روشنیوں سے سجے۔

جشنِ آزادی کی تقریبات کے آغاز کے ساتھ ہی مری کی فضائیں ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجنے لگیں، اور آسمان رنگ برنگی روشنیوں اور شاندار آتشبازی سے روشن ہو گیا۔مال روڈ پر آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جس کے باعث مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہ رہی۔ فیملیز اور سیاحوں کی غیر معمولی تعداد نے جشنِ آزادی میں بھرپور شرکت کی۔مری کی تمام اہم نجی و سرکاری عمارتوں کو جشنِ آزادی کے سلسلے میں برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، اور شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا، مال روڈ پر دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود، جشنِ آزادی کی تقریبات اور شہری و سیاحوں کی سرگرمیوں کے باعث شہر کی رونقیں عروج پر رہیں۔سیاح فیملیز نے آتشبازی کے مظاہرے میں بھرپور حصہ لیا اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ جشنِ آزادی کا جوش و خروش سے استقبال کیا۔سیکیورٹی کے پیش نظر، ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈی پی او ڈاکٹر رضا تنویر سپرا کی سربراہی میں، مال روڈ و دیگر مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔