بھارت کے خلاف کامیابی پر سندھ حکومت کا جوش، جشنِ آزادی یکم اگست سے منایا جائے گا

بھارت کے خلاف کامیابی پر سندھ حکومت کا جوش، جشنِ آزادی یکم اگست سے منایا جائے گا

سندھ حکومت نے پاکستان کی بھارت کے خلاف "تاریخی فتح" کے تناظر میں اس سال جشنِ آزادی کا آغاز یکم اگست سے کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

 وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ بھر میں شاندار اور جوش و جذبے سے بھرپور جشنِ آزادی منایا جائے گا، جس کے لیے تقریبات، ثقافتی شو، کھیلوں کے مقابلے، موسیقی کے پروگرامز اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت یومِ آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سعید غنی، محمد بخش مہر، ذوالفقار شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

"معرکۂ حق" پروگرامز کا اعلان
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے "معرکۂ حق" اور یومِ آزادی کے پروگرامز کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق:شرجیل انعام میمن کو "معرکۂ حق اور جشنِ آزادی پروگرامز کمیٹی" کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔کمیٹی میں وزیر کھیل، وزیر ثقافت، وزیر بلدیات اور میئرز کو شامل کیا گیا ہے۔یہ کمیٹی تقریبات کے انعقاد سے متعلق جامع اقدامات ترتیب دے کر وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔
بھارت کے خلاف "تاریخی فتح" کا حوالہ
مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا:"پاکستان نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی ہے، اور اس کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس سال کا جشن آزادی پہلے سے کہیں زیادہ شاندار طریقے سے منائیں گے۔"
وزرا کا عزم
صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے بھی پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:"یہ پہلی 14 اگست ہوگی جو بھارت کو شکست دینے کے بعد آ رہی ہے۔ اس بار آزادی کا جشن پہلے سے کہیں زیادہ جوش و خروش سے منایا جائے گا۔"انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، تعلیمی ادارے، اور سیاسی جماعتیں بھی اس جشن میں بھرپور شرکت کریں گی۔

خصوصی تقریبات کا انعقاد
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ:

ثقافتی شو
اسپورٹس ایونٹس
موسیقی اور ملی نغموں کے مقابلے
جیسے پروگرامز کا بھرپور اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی تقریبات بھی رکھی جائیں گی جن کے ذریعے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔