ویب ڈیسک: 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں جشنِ آزادی تاریخ ساز انداز میں منایا گیا۔
پہلی بار صوبے کے تمام 41 اضلاع میں بیک وقت آتش بازی، لیزر شوز، میوزک کنسرٹس اور ڈرون شوز کا انعقاد کیا گیا، جس نے رات کے اندھیروں کو رنگ و روشنی سے جگمگا دیا۔رات 12 بجتے ہی لاہور، راولپنڈی، مری، ملتان، فیصل آباد سمیت تمام اضلاع کی فضاؤں میں رنگ و نور کے دلکش مناظر بکھر گئے۔ آسمان رنگین روشنیوں سے دمک اُٹھا اور شہریوں نے اہلِ خانہ کے ساتھ اس یادگار لمحے کو خوشی اور جوش سے منایا۔یہ پہلا موقع تھا کہ سرکاری سطح پر اتنی بڑی تعداد میں اور بیک وقت تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں ہزاروں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شاندار ڈرون شوز اور ڈیجیٹل لائٹ پرفارمنسز نے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی، خصوصاً بچوں اور خواتین نے ان مناظر سے خوب لطف اٹھایا۔
محفلوں میں معروف فنکاروں نے دل دل پاکستان سمیت مقبول ملی نغمے پیش کیے، جن پر شرکا جھوم اُٹھے۔ مختلف اضلاع میں میوزک کنسرٹس کے ساتھ پارکس، بازاروں، چوراہوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو دلکش انداز میں سجایا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اپیل پر عوام نے گھروں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم لہراتے ہوئے تقریبات میں پرجوش انداز میں حصہ لیا، اور ہر طرف حب الوطنی کا ولولہ اور یکجہتی کا جذبہ نمایاں نظر آیا۔