پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے 78ویں جشنِ آزادی کے موقع پر اہلِ وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے، جس کا اندازہ بھارت کے مسلمانوں سے پوچھ کر لگایا جا سکتا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں پرویز الہٰی نے کہا کہ پوری قوم جوش و جذبے کے ساتھ جشنِ آزادی منا رہی ہے، اور یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کلمے کی برکت سے نوازا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سب لوگ اختلافات بھلا کر قوم، ملک اور دین کی خاطر جھنڈے تلے یک جان ہوں اور شہیدوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں، جنہوں نے قیام پاکستان پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا:"آزادی پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، یہی 14 اگست کا اصل پیغام اور روح ہے۔ دعا کریں کہ معیشت، جنگ یا کرپشن کے خلاف ہر محاذ پر سب اکٹھے ہو جائیں۔ ان شاء اللہ، یہ ملک بہت آگے بڑھے گا اور ترقی کرے گا۔"چوہدری پرویز الہٰی نے خاص طور پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ بڑی سوچ اور سمجھ رکھنے والے ہیں، اور پوری امید ہے کہ نوجوان ہی پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔