محسن نقوی کا مادری محبت کو خراج تحسین: ماں جیسی ہستی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے

محسن نقوی کا مادری محبت کو خراج تحسین: ماں جیسی ہستی دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہے

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ماں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ماں کی عظمت اور محبت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ماں اس دنیا میں سب سے بڑی نعمت ہے اور ماں سے محبت کو صرف ایک دن تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ ماں سے محبت کا رشتہ گود سے شروع ہوتا ہے اور تاقیامت جاری رہتا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ "ماں" سب سے پیارا، مٹھاس سے بھرپور اور خلوص و شفقت سے لبریز لفظ ہے۔ ماں سچے جذبوں کی ایک مکمل تصویر ہے اور اس پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں کی گود میں گزرا ہر لمحہ دنیا کی کسی بھی قیمتی جگہ سے بہتر ہوتا ہے، اور ماں کی دعا انسان کو فرش سے اٹھا کر عرش تک پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ آج جو کچھ بھی ہوں، وہ اپنی والدہ محترمہ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور کامل یقین ہے کہ اُن کی دعائیں آج بھی میرے ساتھ ہیں۔ محسن نقوی نے تمام ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کیا اور خاص طور پر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی ماؤں کو سلیوٹ کیا۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر ماں کو سلامت رکھے اور ان کے سائے ہمیشہ ہمارے سروں پر قائم رہیں۔