آزادی کی قدر فلسطین اور کشمیری عوام سے پوچھیں، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب

آزادی کی قدر فلسطین اور کشمیری عوام سے پوچھیں، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب

مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آزادی ایک ایسی نعمت ہے جس کا حقیقی احساس ان قوموں کو ہے جو اب تک اس سے محروم ہیں، جیسے فلسطین اور کشمیر کے عوام۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں اس نعمت کی 365 دن قدر کرنی چاہیے اور ہر لمحہ اس کے تحفظ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔کے ایم سی ہیڈ آفس میں منعقدہ جشنِ آزادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں اور تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں کی جدوجہد کے نتیجے میں ایک آزاد ریاست ملی۔ "آزادی کی نعمت کا احساس تب ہوتا ہے جب ہم دیکھتے ہیں کہ فلسطینی عوام کس کرب سے گزر رہے ہیں اور کشمیری عوام کس مشکل میں ہیں۔"انہوں نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی آزادی کا ہر روز جشن منائیں گے اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔مرتضیٰ وہاب نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں اور اقدامات کو جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے اختلافات بھلا کر متحد ہوکر مودی کو کرارا جواب دیا۔ "فخر ہے کہ ہمارے شہری، افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے، سیاسی قیادت اور حکومت سب نے اتحاد و ایمان کا مظاہرہ کیا۔"

انہوں نے کہا کہ مودی کو اپنی معیشت اور فوج پر غرور تھا اور وہ اسرائیل کی حمایت پر نازاں تھا، لیکن ہم ایمان، اتحاد اور یقین کے ساتھ کھڑے رہے۔ "جو کچھ مودی نے گجرات میں کیا یا اسرائیل نے فلسطین میں کیا، وہ پاکستان میں نہیں کر سکتا۔"مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی بھی چیلنج کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔ "پیار کرو گے تو ہم پیار کریں گے، لیکن اگر لڑو گے تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔"تقریب میں سیاسی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کی اور کہا کہ وہ چاہیں تو ڈانس کریں لیکن عوامی خدمت کو ترجیح دیں۔ "ہم بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی میں تبدیلی لا رہے ہیں، گٹکا ختم کر کے نوجوانوں کو تعلیم کی طرف لا رہے ہیں، آپ سیاست کرتے رہیں ہم کام کرتے رہیں گے۔"