وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دنیا کو یہ واضح پیغام دے چکی ہے کہ وہ اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اس سال کا جشن آزادی منفرد ہے کیونکہ مئی میں ہونے والے "معرکۂ حق" نے دو قومی نظریے پر مہر ثبت کر دی اور یہ ایک ناقابل تردید حقیقت کے طور پر ابھرا۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت مسلط کرنے اور قومی تشخص کو مجروح کرنے کی کوشش کی، لیکن پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے شجاعت و حکمت عملی سے ان عزائم کو ناکام بنا دیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے ساتھ ساتھ معرکۂ حق کی تاریخی فتح بھی منائی جا رہی ہے۔ پاکستان نے آزادی کا تحفظ کیا اور دنیا کو یہ باور کرایا کہ وہ اپنا دفاع جانتا ہے۔
ان کے مطابق جنگ میں بہترین حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ اس دوران انفارمیشن وار فیئر بھی لڑی گئی، جس میں وزارت اطلاعات نے اہم کردار ادا کیا۔ ڈیجیٹل محاذ پر قوم کا حوصلہ بلند رکھنے اور عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1965ء کی جنگ میں بھی پی ٹی وی کے ملی نغمے قوم کے حوصلے کو جلا بخشتے رہے۔