لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن دنیا کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے لاہور میں ایک فلاحی لنگر خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مستحق افراد میں کھانا تقسیم کیا اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانے میں شرکت بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کی بہتری کے لیے جدوجہد کی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں قوم کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو کسی قسم کی گھبراہٹ کی ضرورت نہیں، کیونکہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج مکمل طور پر تیار اور دشمن کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے افواج کے سربراہان دشمن کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کی جھوٹی اور من گھڑت خبروں سے عوام میں خوف پھیلایا جا رہا ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔ فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ وہ کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔گورنر پنجاب نے معاشی مسائل کے حل کے لیے مخیر حضرات کو حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے عوام اور حکومت کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ گورنر کے عہدے پر موجود ہیں، عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، اور گورنر ہاؤس کے دروازے ہمیشہ غریب عوام کے لیے کھلے رہیں گے۔