ویب ڈیسک: داتا گنج بخش کے 982 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے رسم چادر پوشی سے کیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر بلال یاسین سمیت علما، مشائخ، سجادگان اور زائرین نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔
سیکیورٹی انتظامات:
ملکی حالات کے پیش نظر زائرین کے تحفظ کے لیے محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے 144 سکیورٹی اور کلوز سرکٹ کیمرے نصب کیے ہیں۔ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تاکہ دربار کے ایریا کی نگرانی کی جا سکے۔پولیس کے 4 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔داخلی راستوں پر 11 واک تھرو گیٹس اور 11 میٹل ڈیٹیکٹرز زائرین کی حفاظت کے لیے مہیا کیے گئے ہیں۔لیڈ کانسٹیبل خواتین کے احاطے میں تعینات ہیں اور داتا دربار میں موجود رضا کار تنظیمیں بھی سیکیورٹی میں معاونت فراہم کر رہی ہیں۔امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ بھی ہمہ وقت موجود رہے گا۔عرس کی تین روزہ تقریبات میں زائرین کے لیے مکمل حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر کوئی بلا خوف و خطر داتا دربار میں شرکت کر سکے۔