لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس اور چہلم کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کے پیش نظر آج میٹرو بس سروس مکمل طور پر معطل رہے گی۔
حکام کے مطابق میٹرو بس سروس کا پورا روٹ اور تمام اسٹیشن عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ سروس پورا دن معطل رہے گی۔دوسری جانب اورنج لائن ٹرین سروس معمول کے مطابق آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ سپیڈو بس کے تمام روٹس بھی فعال ہیں اور مسافروں کو معمول کے مطابق سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ادھر راولپنڈی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر کل میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میٹرو بس حکام کے مطابق صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک سروس بند رہے گی، جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل متبادل ٹرانسپورٹ اور جاری ٹریفک پلان کو مدنظر رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔