اسلام آباد: ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا نورخان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا۔
استقبال کے دوران 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ ثقافتی ملبوسات میں ملبوس بچوں اور بچیوں نے گلدستے پیش کیے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی موجود تھے، اور ازبک صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ازبک صدر شوکت مرزائیوف صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ملاقات میں تجارت، توانائی، دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
اس موقع پر ازبک صدر پاکستان-ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات پر زور دیا جائے گا۔یہ ازبک صدر کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو پاک-ازبک تعلقات میں تیزی سے بہتری اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔