اداکارہ فضہ علی نے نمرہ خان اور ان کے سابق شوہر کے درمیان طلاق کے معاملے پر اپنا واضح موقف پیش کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سابق شوہر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر مرد کو چاہیے کہ وہ عورت کے ساتھ عزت اور احترام کے ساتھ پیش آئے۔ فضہ علی کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کو طلاق کے بعد سکون مل رہا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ شادی کے دوران کچھ غلط ہو رہا تھا، بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ اس مرحلے پر خواتین کا احترام برقرار رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی خواتین کا بھی احترام کیا جانا چاہیے جو اب آپ کی زندگی کا حصہ نہیں رہیں، کیونکہ ایک دن وہ بھی اپنی زندگی میں آگے بڑھ جائیں گی۔ فضہ علی نے یہ بھی واضح کیا کہ طلاق کو جیت کا نشان نہ سمجھیں، کیونکہ رشتہ ختم ہونے سے عورت کی عزت کم نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ مرد کو چاہیے کہ وہ اپنی زبان اور رویے میں نرمی اور عزت کو برقرار رکھے، کیونکہ ’گڈ ریڈنس‘ (جان چھوٹ جانے) کا پیغام دینے سے کسی کی اہمیت کم نہیں ہوتی اور عورت کی قدر میں کمی نہیں آتی۔اداکارہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عورتوں کے احترام کو اپنا بنیادی اصول بنائیں اور رشتے کے خاتمے کو کسی شکست یا ہار کے طور پر نہ دیکھیں، بلکہ ایک نئے آغاز کے طور پر قبول کریں۔ انہوں نے اس گفتگو کے ذریعے معاشرے میں خواتین کے وقار اور عزت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔