دونوں ملکوں کے وفود ہماری درخواست پر تشریف لائے، دعوت قبول کرنے کا ایران اور امریکہ کے صدور کا مشکور ہوں، یہ میری نہیں پاکستان کے عوام کی عزت ہے:وزیراعظم

سیز فائر قائم‘اٹکے معاملات حل کرائیں گے شہبازشریف
 پاکستان دنیا کی امیدوں کا محور بنا، کئی دہائیوں بعد امریکہ ایران کو ایک میز پر بٹھایا‘پاکستان خطے میں پائیدار امن کیلئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا: ‘ذنیا کی تاریخ اٹھا لیں جنگ رکوانے اور امن قائم کرنے میں کئی کئی سال لگے
یہ تاریخی لمحہ وطن عزیز کے 24 کروڑ عوام  کیلئے باعث فخر ہے، پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے کا موقع ملا، مذاکرات میں ایسے مواقع بھی آئے کہ فریقین میں بات ٹوٹتے ٹوٹتے دوبارہ شروع ہوئی:  کابینہ  اجلاس میں گفتگو
 اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ دعا ہے  پاکستانی قیادت کی یہ پر خلوص کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں:قومی اسمبلی میں قرارداد منظور‘وزیراعظم‘ نائب وزیراعظم‘فیلڈ مارشل کو خراج تحسین
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  ہے پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔وفاقی  کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے  امریکہ ایران مذاکرات سے متعلق کاوشوں سے آگاہ کیا اور خطے میں امن کے لئے پاکستان کا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دورانِ اجلاس امریکہ اور ایران مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مثبت پیش رفت کے لئے پر امید ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کی امیدوں کا محور بنا، کئی دہائیوں بعد امریکہ ایران کو ایک میز پر بٹھایا، پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا، امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے، دونوں ملکوں کے وفود ہماری درخواست پر تشریف لائے۔شہباز شریف نے کہا کہ دعوت قبول کرنے کا ایران اور امریکا کے صدور کا مشکور ہوں، یہ میری نہیں پاکستان کے عوام کی عزت ہے، ایران اور امریکا نے 2 ہفتے کی جنگ بندی پراتفاق کیا، دونوں ملکوں کے اعلی سطح کے  وفود میں 21گھنٹے تک بات چیت جاری رہی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امن کی بحالی کے لیے ثالثی کا موقع ملا، ابھی تک سیزفائر قائم ہے، معاملات کو حل کرانے کے لیے پوری کوشش جاری ہے، یہ تاریخی لمحہ وطن عزیز کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعث فخر ہے۔وزیراعظم  نے کہا کہ اسلام آباد ٹاکس کے ذریعے پاکستان کو جنگ بندی کو مستقل امن میں بدلنے  کا موقع ملا، مذاکرات میں ایسے مواقع بھی آئے کہ فریقین میں بات ٹوٹتے ٹوٹتے دوبارہ شروع ہوئی۔شہباز شریف کا کہنا تھا  فیلڈ مارشل کو شاباش اور شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جب کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراوران کی ٹیم بھی خراج تحسین کی مستحق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطی میں کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر راتوں کو جاگے، ان کی فراست سے عارضی جنگ بندی پر عمل درآمد ہوا۔دریں اثنء فاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم  محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قراردادمیں کہا گیا کہ بلاشبہ اقوام عالم کی تاریخ میں پاکستان کا یہ کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘ہماری دعا ہے کہ پاکستانی قیادت کی یہ پر خلوص کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں اور دنیا میں قیام امن کا باعث بنیں۔