پاک امریکہ تجارتی معاہدہ اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا،تاریخی معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی میسر آئے گی:وزارت خزانہ

تجارتی معاہدہ امریکہ کے ساتھ تعلقات مضبوط ہونگے شہبازشریف
پاکستان اور امریکہ کے درمیان واشنگٹن میں کامیابی سے طے پانے والی تاریخی تجارتی ڈیل میں لیڈر شپ رول ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دل کی  گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں:وزیراعظم
 الحمد اللہ! پاکستان کی امریکہ کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے‘معاہدے کے مطابق دونوں ممالک تجارتی محصولات میں کمی، توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے:اسحاق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے تاریخی تجارتی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا  وہ اس ڈیل میں قیادت کا کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں لکھا، میں پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ روز واشنگٹن میں کامیابی سے طے پانے والی تاریخی تجارتی ڈیل میں لیڈر شپ رول ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ مستقبل میں پاک-امریکا پائیدار شراکت داری کو نئی وسعت بھی دے گا۔اس موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اظہار مسرت کرتے ہوئے لکھا، الحمد اللہ! پاکستان کی امریکا کے ساتھ ڈیل طے پا گئی ہے۔معاہدے کے مطابق، دونوں ممالک تجارتی محصولات میں کمی، توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔دریں اثناء وزارت خزانہ نے کہا ہے  پاک امریکہ تجارتی معاہدہ دونوں ملکوں میں اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے، جس کا مقصد دو طرفہ تجارت  کا فروغ ، منڈی  تک رسائی کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ پیشرفت وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی  امریکی سیکرٹری کامرس   ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے  جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی، جس میں سیکرٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے