متروکہ وقف املاک بورڈ اوروزارت مذہبی امور کے زیر انتظام تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوئی‘پالکی صاحب کا جلوس نکالا گیا
تمام مذاہب قابل احترام اورامن کا درس دیتے ہیں :سردار محمد یوسف ‘یاتری واپس جا کر امن احترام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں:رمیش سنگھ اروڑہ
لاہور/ننکانہ صاحب( آئی این پی) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہو گئیں ، متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ تمام مذاہب قابل احترام اورامن کا درس دیتے ہیں،مذہب اپنا اپنا لیکن انسانیت سانجھی ہے ۔بھارت سے آئے اکال تخت کے گیانی کلدیب سنگھ گڑگج نے کہا ہمیں پاکستان کی دھرتی سے عثق ہے، ہم یہاں آزادی سے گھوم رہے ہیں ہمیں کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ۔انہوں نے کہا سکھ قوم حکومت پاکستان کی شکر گزار ہیں پاکستان نے ہمیں بہت عزت دی یہ ہماری گورو کی دھرتی ہے ہمارے مقدس مقامات گورو دواروں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے کہا کہ ہمارا پیغام امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے دونوں ملکوں کی عوام امن اور اتحادکے خواہش مند ہیں ۔ بھارتی شرومنی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کی جتھہ لیڈر بی بی گوریندر کورنے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی نے عورتوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کا درس دیا ۔ پاکستان میں آکر بہت خوشی محسوس ہوئی خواتین کے لیے خصوصی طور پر انتظامات ہیں اور بہت عزت و احترام ملا ۔دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار رویندر سنگھ سویٹا نے کہا کہ پاکستان سرکار کے دروازے پہلے سے ہی کھلے تھے ہماری درخواست بھارت سرکار نے قبول کی اور ہمیں گو دھرتی پر آ نے کا موقع ملا ۔ پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا سکھ برادری پاکستان کے سر کا تاج ہے ۔ سکھوں کے لیے حکومت پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں سکھ یاتری دورہ سے واپس جا کر پاکستان سے ملنے والی محبت ،امن احترام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں