آیت اللہ جعفر سبحانی نے نماز جنازہ پڑھائی، فضا سوگوار، ہر آنکھ اشکبار ،نماز جنازہ میں علی خامنہ ای کے تین بیٹے، صدر مسعود پزشکیان،، حکومتی عہدیدار شریک ہوئے،آج جنازے کا مرکزی جلوس ، میت کو قم منتقل کیا جائے گا
تہران(آئی این پی )شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ تہران کی گرینڈ مصطی کمپلکیس میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں علی خامنہ ای کے تین بیٹے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپیکر باقر قالیباف سمیت اعلی حکومتی عہدیدار شریک ہوئے، نماز جنازہ میں 100 ملکوں کے وفود سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی تاہم رہبرِ اعلی مجتبی خامنہ ای نمازِ جنازہ میں موجود نہیں تھے۔ تہران میں فضا سوگوار، ہر آنکھ اشکبار ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ پڑھائی۔گرینڈ مصلی کے بڑے صحن میں جمع ہزاروں لوگوں نے ہاتھوں میں سرخ جھنڈے اٹھا رکھے ہیں، جنہیں ایران میں خون کا بدلہ اور انتقام لینے کی علامت سمجھا جاتا ہے، وہاں موجود لوگ مسلسل امریکا مردہ باد اور انتقام، انتقام کے نعرے لگا تے رہے ، جس سے پوری فضا گونجتی رہی ۔ بی بی سی کے مطابق ا یران کے سابق رہبرِ اعلی علی خامنہ ای کے تین بیٹے میثم، مسعود اور مصطفی خامنہ ای تہران کی مسجد میں اپنے والد کی نمازِ جنازہ میں پہلی صف میں موجود تھے۔تاہم، ان کے چوتھے بھائی یعنی ایران کے موجودہ رہبرِ اعلی مجتبی خامنہ ای نمازِ جنازہ میں موجود نہیں تھے۔ارنا کے مطابق نماز جنازہ تین مراحل میں ادا کی گئی۔ پہلے مرحلے میں سابق رہبرِ اعلی علی خامنہ ای، دوسرے مرحلے میں ان کی بیٹی بشری خامنہ ای، داماد مصباح الہدی باقری اور بہو زہرا حداد عادل کی نماز جنازہ اد کی گئی۔ تیسرے مرحلے میں علی خامنہ ای کی کم سن نواسی زہرا محمدی کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کے بعد تقریب کے منتظمین نے علی خامنہ ای کے خون کا بدلہ لینے اور انتقام کے نعرے لگوائے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے ان کے اہل خانہ کی میتیں تہران میں عوامی دیدار کیلئے رکھی گئیں ہیں۔آج( پیر کو) صبح جنازے کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا، اس کے بعد میت کو قم منتقل کیا جائے گا جہاں سے جسد خاکی کو عراقی شہر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، 9 جولائی کو شہید سپریم لیڈر کی ان کے آبائی شہر مشہد میں تدفین کی جائے گی۔ایرانی میڈیا کے مطابق علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ قم میں ناصر مکارم شیرازی اور مشہد میں حسین نوری ہمدانی پڑھائیں گے۔