پوری دنیا کی نظریں اسلام آباد پر جم گئیں، دونوں ملکوں کے مذاکراتی وفود کی آمد،سکیورٹی کے سخت ،اعلیٰ ترین انتظامات،زمینی اور فضائی نگرانی

 ایران امریکا مذاکرات کا آج سے آغاز
 دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح کی بات چیت آج،اہم مرکزی مرحلہ کیلئے کل سر جوڑے جائیں گے،امریکا کی نمائندگی نائب صدر جے ڈی وینس،ٹرمپ کے دامادجیرڈ کشنر کر رہے ہیں،پاکستان نے حکمت عملی تیار کرلی ،حساس بات چیت ہوگی،ڈیل امریکا کے مفاد کرینگے:ترجمان وائٹ ہائوس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،بیورو رپورٹ)امریکا ایران جنگ بندی کے بعد پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، پاکستان کی میزبانی میں ایران اور امریکا کے مذاکرات آج اور کل اسلام آباد میں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وفود کی سطح پر مذاکرات آج اور اہم مرکزی مرحلہ ہفتے کو ہوگا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، امریکی مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پاکستان آئیں گے۔ایران کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، محسن نقوی نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے۔ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بند کمروں میں حساس بات چیت ہوگی، ڈیل وہی کریں گے جو امریکا کے بہترین مفاد میں ہوگی۔امریکا اورایران کے مابین جنگ بندی کے بعد امن معاہدے پر تاریخی مذاکرات آج ‘دنیا بھر کی نظریں اسلام آباد پر ‘غیر ملکی وفود کی آمدشروع ‘وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ‘ ریڈ زون سیل ‘ جڑواں شہروں میںعام تعطیل کا اعلان ‘شاہراہوں پر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار جبکہ جڑواں شہروں کے داخلی راستوں پر وفاقی پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ‘غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر شہر اقتدار میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے مجموعی انتظامات، بالخصوص جامع حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پنجاب پولیس کے دستے بھی وفاقی پولیس کی معاونت کے لیے مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں ‘ صرف سرکاری گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہے‘ زیرو پوائنٹ کشمیر ہائی وے اور فیصل چوک سے جناح ایونیو پر داخلہ بند کر دیا گیا ‘شہریوں کو راستوں کی بندش کے باعث متبادل راستے فراہم کر دیئے گئے