کمسن ملازمہ پر تشدد ، مالکن گرفتار

 مالکن نے تشدد کیا تو بچی گھر سے بھاگ گئی،مقدمہ درج ، مزید تفتیش جاری 
لاہور(کرائم رپورٹر) ستوکتلہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والی سفاک مالکن کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بچی کی گمشدگی کی اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تشدد کا شکار کمسن بچی کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس حکام کے مطابق 12 سالہ نصباء اقبال ایوینیو میں فرخندہ بی بی کے گھر بطور ملازمہ کام پر تھی، بچی پر مالکن کی طرف سے بدترین تشدد پر بچی گھر سے بھاگ گئی۔ نصباء کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو نصباء کے والد نے دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی ہدایت پر ایس پی صدر نے بچی کی تلاش کیلئے ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق بچی پر تشدد کرنے والی مالکن فرخندہ بی بی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خاں اور ستوکتلہ پولیس ٹیم کو شاباش دی۔