بیساکھی کی دعا: ہر میدان میں خوشحالی اور ملک بھر میں ترقی، وزیراعظم

بیساکھی کی دعا: ہر میدان میں خوشحالی اور ملک بھر میں ترقی، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیساکھی کے تہوار کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے سکھ بھائیوں کو اس خوشی کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بیساکھی نہ صرف فصلوں کی پکائی کا اعلان ہے بلکہ یہ کسانوں کے لیے خوشی کا وقت ہے، جب وہ اپنی محنت کا پھل حاصل کرتے ہیں۔ یہ دن امید، اتحاد اور تجدید کے پائیدار جذبے کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ دن ہماری برادریوں کو متحد کرتا ہے اور ہماری قوم کی تشکیل کرتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ بیساکھی کے جذبے سے متاثر ہو کر ہم ایک روشن، جامع اور مضبوط کل کی تعمیر کے لیے مل کر آگے بڑھیں۔وزیراعظم نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے موقع پر وہ پیار، محبت اور امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں اور آئیں مل کر ایک پرامن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے آخر میں کہا: "ساریاں نو وساکھی دیاں ودھایاں!"​