انسانی حقوق کا احترام معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے:مریم نواز شریف

انسانی حقوق کا احترام معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے:مریم نواز شریف

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ مسلم لیگ (ن) کا وژن اور اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا پہلا جامع چارٹر خطبہ حجتہ الوداع ہے اور دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے۔ حضرت محمد ﷺ نے انسانی حقوق کا بے مثال چارٹر دے کر پوری انسانیت کے لیے ابدِی اور لافانی پیغام دیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ 10 دسمبر کا دن انسانی حقوق کے بارے میں شعور و آگاہی بیدار کرنے کا دن ہے اور ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے۔ انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو تعلیم، صحت، مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور بنیادی ضروریات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ حکومت ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت حاصل ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں محبت، احترام اور رواداری کو فروغ دینا ضروری ہے اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور ہر شہری کے انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔