وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو رہی ہے، ایسے میں شعبہ طب سے وابستہ افراد بالخصوص ڈاکٹرز کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت مند شہری کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہوتے ہیں۔لاہور میں راشد لطیف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کی ہیں، جبکہ طب کے شعبے میں روبوٹک سرجری سمیت جدید ٹیکنالوجیز علاج اور طبی تحقیق کے نئے امکانات پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ جدید علوم اور تحقیق کو اپنا کر طبی شعبے میں جدت لانے میں کردار ادا کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت اور معیشت کا آپس میں گہرا تعلق ہے، کیونکہ صحت مند شہری معاشی سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز سے حصہ لے سکتے ہیں اور ملکی ترقی میں فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بیماریوں کی بروقت تشخیص اور ان کے پھیلاؤ کی روک تھام سے نہ صرف انسانی جانیں محفوظ رہتی ہیں بلکہ علاج معالجے پر آنے والے اخراجات اور معیشت پر پڑنے والا بوجھ بھی کم کیا جاسکتا ہے۔
احسن اقبال نے نوجوان ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طب محض ایک پیشہ نہیں بلکہ انسانی زندگیوں سے جڑی ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹرز کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اعلیٰ طبی اخلاقیات، پیشہ ورانہ دیانت داری اور مریضوں کے حقوق کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ مریضوں کی معلومات اور رازداری کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں صلاحیت اور ذہانت کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان تحقیق، جدت اور علم کے فروغ کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صرف دوسروں کی تیار کردہ ٹیکنالوجی استعمال کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اپنی تحقیق اور مقامی صلاحیتوں کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی تیار کرنے کی سمت بھی آگے بڑھنا ہوگا۔