ایرانی سفارتخانے کی سیستان بلوچستان میں 8پاکستانیوں کے قتل کی مذمت

دہشت گردی پورے خطے میں ایک دائمی صورت حال اور مشترکہ خطرہ ،مشترکہ کوششوں کی ضرورت،بیان
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے سیستان بلوچستان میں 8پاکستانیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی پورے خطے میں ایک دائمی صورت حال اور ایک مشترکہ خطرہ ہے‘تمام ممالک کی طرف سے اجتماعی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ایرانی سفارتخانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کا سفارتخانہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے خلاف غیر انسانی اور بزدلانہ مسلح واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ دہشت گردی پورے خطے میں ایک دائمی صورت حال اور ایک مشترکہ خطرہ ہے جس کے ذریعے غدار عناصر بین الاقوامی دہشت گردی کے ساتھ مل کر پورے خطے میں سلامتی اور استحکام کو نشانہ بناتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منحوس رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ممالک کی طرف سے اجتماعی اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام اقسام کو ختم کیا جا سکے جس نے حالیہ دہائیوں میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کی جانیں لی ہیں۔