کراچی: شاہ فیصل کالونی کے علاقے الحیدر سوسائٹی ڈرگ روڈ میں گھر کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔
شاہ فیصل کالونی پولیس کے مطابق، مقتول کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال منتقل کی تاکہ ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا سکے۔ مقتول کی شناخت 26 سالہ ارتضیٰ علی ولد مظفر علی کے طور پر ہوئی، جبکہ 18 سالہ ایمن دختر افتخار شاہ کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔شاہ فیصل تھانے کے ہیڈ محرر عثمان شاکر نے ابتدائی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ زخمی لڑکی مقتول ارتضیٰ علی کی نکاح شدہ زوجہ تھی، اور مقتول گھر اس سے ملنے آیا تھا کہ اچانک گھر کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس نے کہا کہ واقعے کے حوالے سے اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ صورتحال واضح ہو سکے اور مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔