لاہور کے علاقے گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں ایک افسوسناک حادثے میں بوسیدہ گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں معین، ان کی اہلیہ نورین اور بیٹی فاطمہ شامل ہیں، جبکہ معین کی دوسری بیٹی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ زخمی ہونے والا شخص بھی اسی خاندان کا فرد ہے، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر کی بوسیدہ چھت اچانک منہدم ہونے سے افراد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے دوران ملبے تلے دبے افراد کو نکالا گیا۔ بعد ازاں آپریشن مکمل کر لیا گیا۔متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گھر کی بوسیدہ حالت کے باعث پیش آیا۔